بین الاقوامی

ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکہ آمنے سامنے، جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا آغاز

 

ابوظہبی: روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان کئی سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سہ فریقی مذاکرات متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں شروع ہو گئے ہیں۔ مذاکرات میں جنگ بندی، متنازع علاقوں کے کنٹرول اور مستقبل کے سکیورٹی انتظامات پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کے بنیادی نکات پر اختلافات برقرار ہیں اور کسی فوری معاہدے کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔

امریکی وفد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف شامل ہیں۔ جیرڈ کشنر کے مطابق مذاکرات میں جنگ کے بعد روس اور یوکرین کو درپیش سکیورٹی خدشات پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ تمام فریقوں کو جنگ کے بعد کی صورتحال کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس سے قبل امریکی نمائندوں نے یوکرینی، یورپی اور نیٹو حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے کہا کہ فرانس، برطانیہ اور جرمنی مذاکراتی عمل میں اپنی شرکت یقینی بنائیں گے۔

یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ روس اور امریکہ مستقبل کے اجتماعی سکیورٹی انتظامات پر ان کی شمولیت کے بغیر کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

مذاکرات میں سب سے پیچیدہ معاملہ مشرقی یوکرین کا علاقہ دونیتسک ہے۔ روس کا مطالبہ ہے کہ یوکرین اس علاقے کے باقی ماندہ زیرِ کنٹرول حصوں سے بھی دستبردار ہو جائے، جبکہ یوکرین موجودہ کنٹرول لائن کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔

کیئیو کے مطابق اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں کا تحفظ ملک کی مستقبل کی سلامتی کے لیے ضروری ہے، تاہم ماسکو اپنے علاقائی مطالبات پر قائم ہے۔

دوسری جانب ایک امریکی عہدیدار نے مذاکرات سے قبل انکشاف کیا تھا کہ دونوں ممالک کے سخت عوامی مؤقف کے باوجود نجی رابطوں میں کچھ لچک دکھائی گئی ہے۔

ابوظہبی میں ہونے والے ان مذاکرات میں پیش رفت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ روس اور یوکرین علاقائی کنٹرول اور سکیورٹی ضمانتوں جیسے بنیادی اختلافات پر کس حد تک سمجھوتے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button