لاہور: ماہرین صحت نے بتایا ہے کہ روزانہ سیڑھیاں چڑھنے کی سادہ عادت نہ صرف جسمانی فٹنس میں اضافہ کرتی ہے بلکہ دل کے دورے، فالج اور ہائی بلڈ پریشر جیسے جان لیوا امراض سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق ہفتے میں صرف 30 منٹ سیڑھیاں چڑھنے سے دل اور پھیپھڑے مضبوط ہوتے ہیں، دوران خون بہتر ہوتا ہے اور امراض قلب کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔
سیڑھیاں چڑھنا کیلوریز جلانے کا ایک سستا اور مؤثر طریقہ ہے، جس سے ٹانگوں کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں، ران، پنڈلیاں اور کولہے متحرک رہتے ہیں، جبکہ پیٹ اور کمر کے مسلز بھی صحت مند رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ عادت کمر درد میں بھی فائدہ مند ہے اور جسمانی توازن بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ سیڑھیاں چڑھنے سے ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے اور قوتِ مدافعت بھی بڑھتی ہے، جو بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے۔
یہ مشق نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے کیونکہ سیڑھیاں چڑھنے سے مثبت ہارمونز خارج ہوتے ہیں جو موڈ بہتر کرتے ہیں اور ذہنی دباؤ کو کم کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے والے افراد کی عمر عام افراد سے زیادہ ہوتی ہے اور وہ زیادہ صحت مند زندگی گزارتے ہیں۔
لہٰذا اگلی بار جب آپ کو لفٹ لینے کا موقع ملے تو سوچیں کہ سیڑھیاں چڑھنا آپ کو نہ صرف منزل تک لے جائے گا بلکہ ایک صحت مند اور لمبی زندگی کی طرف بھی لے جائے گا۔




