پشاور:خیبرپختونخوا کی مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا ہے کہ صوبے میں صحت کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم ڈاکٹروں اور نرسز کی کمی ایک بڑا چیلنج ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لیے نجی شعبے کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
مشیر صحت کے مطابق خیبرپختونخوا کی 4 کروڑ آبادی کے لیے شعبہ صحت میں 30 ہزار 697 اہلکار تعینات ہیں۔ ڈاکٹروں اور نرسز کی کمی کے پیش نظر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔
نگار جوہر نے دورانِ زچگی خواتین کی اموات کی شرح میں کمی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔
انہوں نے پولیو کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ دو ممالک ہیں جہاں اب بھی پولیو وائرس موجود ہے، اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور مسلسل کوششیں ضروری ہیں۔




