راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی بدلتی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔




