جکارتہ :پاکستان کی ویمنز فٹبال ٹیم نے اپنے محدود بین الاقوامی تجربے کے باوجود اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں دو مسلسل فتوحات کے ذریعے اپنا لوہا منوا لیا ہے۔ تازہ ترین میچ میں انہوں نے کرغزستان کو 1-2 سے شکست دے کر واضح پیغام دیا کہ وہ صرف کھیلنے نہیں، جیتنے آئی ہیں۔
مریم محمود، جن کا یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے، نے دونوں گول کر کے اپنی مہارت اور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔ ان کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر سہولتیں دی جائیں تو پاکستانی خواتین کھلاڑی بھی کسی سے کم نہیں۔
یہ کامیابی اس وقت اور بھی اہم ہو جاتی ہے جب یاد رکھا جائے کہ چائنیز تائی پے کے خلاف ابتدائی شکست کے بعد ٹیم کا مورال کم ہو سکتا تھا، لیکن وہ نہ صرف سنبھلی بلکہ دو بڑے میچ جیت کر اپنا اثر قائم کر گئی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس فتح کو نئی شروعات قرار دیتے ہوئے کہا ہے "یہ صرف دو گول نہیں، یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔”




