اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کو جلد ملک کے موبائل نیٹ ورکس سے منقطع کر دیا جائے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل ڈیوائسز کی رجسٹریشن ڈیوائس شناخت رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے تحت لازمی ہے۔ غیر رجسٹرڈ فونز کا استعمال، خرید و فروخت قانوناً جرم ہے اور اس پر کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نان رجسٹرڈ فونز کو زیادہ تر سمگلنگ، دھوکہ دہی اور سائبر جرائم میں استعمال کیا جاتا ہے، جس سے نہ صرف صارفین بلکہ قومی سکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں ٹیلی کام سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور موبائل مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
پی ٹی اے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ DIRBS سسٹم کے ذریعے فوری طور پر اپنے موبائل فونز کی رجسٹریشن چیک کریں اور غیر رجسٹرڈ ڈیوائسز کو رجسٹر کروائیں، بصورت دیگر نہ صرف فون بلاک ہوگا بلکہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔




