کیوپرٹینو: ایپل نے آئی فون 17 پرو اور پرو میکس میں جدید "ویپر چیمبر” ٹیکنالوجی متعارف کروا دی ہے، جو فون کو گرم ہونے سے بچانے اور کارکردگی کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
ویپر چیمبر دراصل ایک پتلی دھاتی پلیٹ پر مشتمل ہے، جس کے اندر ڈی آئنائزڈ پانی اور ایک خاص اندرونی ساخت ہوتی ہے۔ جب فون شدید استعمال — جیسے گیمنگ یا 5G اسٹریمنگ — کے دوران گرم ہوتا ہے، تو یہ پانی بھاپ بن کر حرارت کو چیمبر میں پھیلا دیتا ہے۔ بعدازاں بھاپ ٹھنڈی ہو کر دوبارہ پانی میں تبدیل ہو جاتی ہے اور حرارت فون کے بیک پینل سے خارج ہو جاتی ہے۔
ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ نظام کسی بھی قسم کے بجلی سے چلنے والے پرزے کے بغیر صرف فزکس کے اصولوں پر کام کرتا ہے، اور اس سے فون کا درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہو سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق، یہ نیا کولنگ سسٹم نہ صرف فون کو اوور ہیٹ ہونے سے بچاتا ہے بلکہ بیٹری کی لمبی عمر اور پروسیسر کی بہتر کارکردگی کو بھی یقینی بناتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویپر چیمبر ٹیکنالوجی اصل میں 1960 کی دہائی میں اسپیس مشنز کے لیے تیار کی گئی تھی، اور بعد میں اسے سام سنگ اور گوگل نے بھی استعمال کیا۔ ایپل کا کہنا ہے کہ اس نے اس ٹیکنالوجی کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے اور یہ ان کے فون کی پرفارمنس میں نمایاں بہتری لائے گی۔




