پاکستان

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری سے نوازا گیا

پہانگ:  ملائیشیا کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا نے قیادت اور حکمرانی کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی ہے۔ یہ اعزاز ملائیشیا کی ریاست پہانگ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا گیا، جس میں پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے وزیراعظم کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکہ پہانگ نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارت عظمیٰ تک یہ ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت کی بجائے مقصد سے جڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس اعزازی ڈاکٹریٹ کو حاصل کرنا اپنے لیے باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے عوام کی خدمت کی ہے اور اب بطور وزیراعظم پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ ایک امانت ہے جسے دیانت، اخلاص، عدل اور شفافیت کے ساتھ نبھانا چاہیے۔ انہوں نے مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز جیسے تنازعات، غربت اور انتشار کا بھی ذکر کیا اور نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کے لیے موقع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے علامہ اقبال کا ایک مشہور شعر پڑھا، جو ان کی گہری فکری بصیرت کا مظہر تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button