واشنگٹن: امریکا کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان کی زد میں آ کر شدید برفباری ہو رہی ہے، جس کے باعث عمارتیں، مکانات اور سڑکیں دو فٹ تک برف سے ڈھک چکی ہیں۔ نیو یارک، الینوائے اور مشی گن میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور ان علاقوں میں ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے۔ الاسکا میں بھی شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
شکاگو شہر میں نومبر کے مہینے میں سب سے زیادہ برف پڑنے کا ریکارڈ قائم ہوا ہے، جہاں شکاگو ایئرپورٹ پر 8.4 انچ برف پڑ چکی ہے۔ اس کے نتیجے میں سینکڑوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں ہیں۔ امریکی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں، یخ بستہ ہواؤں اور برفباری سے سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
کینیساس، نیبرسکا اور مشرقی ساحل کی کئی ریاستیں بھی برفانی طوفان کی زد میں آ سکتی ہیں، جبکہ پینسلوینیا اور نیوجرسی میں بھی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں 6 انچ یا اس سے زائد برف پڑنے کی توقع ہے، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب، برطانیہ میں بھی آئندہ ہفتے شدید برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں برفباری کا امکان ہے، جس سے ان علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔




