اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعاون اور بین الاقوامی سیاسی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 45 منٹ تک جاری رہنے والی اس گفتگو میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دوران ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور خطے میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
گفتگو میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے عمل اور اس حوالے سے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر مشاورت کی گئی۔صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی استحکام کے لیے وزیراعظم اور پاکستانی عسکری قیادت (فیلڈ مارشل) کے متحرک کردار کی تعریف کی اور اسے خطے کے لیے نیک شگون قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف معاشی تعاون کو فروغ دیں گے بلکہ عالمی فورمز پر بھی ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت اور ان کی امن پسندی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔




