بین الاقوامی
Trending

لداخ میں بھارتی عسکری ہوابازی کو ایک اور بڑا جھٹکا: ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، میجر جنرل ہسپتال منتقل

 

نئی دہلی :مقبوضہ لداخ کے انتہائی کٹھن اور دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں بھارتی فوج کا ایک اور ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں پرواز میں سوار ایک میجر جنرل سمیت 3 اعلیٰ بھارتی عسکری افسران شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ اس تازہ ترین واقعے نے انڈین ملٹری ایوی ایشن کے گرتے ہوئے حفاظتی معیار، ناقص مینٹیننس اور خستہ حال فضائی بیڑے کی آپریشنل صلاحیت پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

معروف بھارتی اخبار "دی ٹائمز آف انڈیا” کے مطابق، بھارتی فوج کا فرانسیسی ساختہ فرسودہ ‘چیتا ہیلی کاپٹر’ لداخ کے فضائی مہم جوئی کے علاقے میں اڑان کے دوران اچانک اپنا توازن کھو بیٹھا اور چند ہی سیکنڈز میں پہاڑی چوٹیوں سے ٹکرا کر ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے زخمی میجر جنرل اور دیگر دو سینیئر عسکری افسران کو نکال کر قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دفاعی مبصرین اور خود بھارتی ہوابازی کے ماہرین نے اس حادثے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں کے دوران بھارتی فوج کے کم و بیش 10 ‘چیتا ہیلی کاپٹرز’ مختلف تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے گر کر تباہ ہو چکے ہیں، جس کے باعث ان طیاروں کو اب بھارت میں ‘اڑتے تابوت’ کا نام دیا جا چکا ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق، امن کے دنوں میں بھارتی فضائی بیڑے کے یہ مسلسل حادثات کسی بھی ممکنہ جنگی یا ہنگامی صورتحال میں انڈین آرمی کی جنگی تیاریوں اور آپریشنل صلاحیتوں کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button