بشکیک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، جبکہ تنازعات کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات ہی مؤثر راستہ ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے واقعات تشویشناک ہیں، جبکہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے لیے ثالثی کی کوشش کی، جو عالمی امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ تنظیم اقتصادی تعاون، ثقافتی روابط اور علاقائی ترقی کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔




