اسلام آباد:اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 30ویں اجلاس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ مختلف رکن ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود اور اہم سفارتی شخصیات کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد سعید اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے، جبکہ ترکیہ، قازقستان اور آذربائیجان کے نائب وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل شیخ کی آمد بھی متوقع ہے۔ پاکستان پہنچنے والے مہمانوں کا ایئرپورٹ پر دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ای سی او اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے آج شریک ممالک کے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں علاقائی اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور رکن ممالک کے درمیان روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیرِ غور آئیں گے۔




