نئی دہلی :بھارتی فوج کی تین خواتین افسران کرنل صوفیہ قریشی، ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور کمانڈر پرینینا دیوستھالی نے مشہور ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ میں یونی فارم میں شریک ہوئیں ۔
یہ افسران اس پروگرام میں آپریشن سندور کے حوالے سے بات کرتی نظر آئیں، جسے بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک حساس فوجی کارروائی قرار دیا تھا۔ اس موقع پر بالی وڈ کے مشہور اداکار امیتابھ بچن نے بھی ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے مودی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، خاص طور پر ایسے نازک سیاسی اور عسکری ماحول میں۔ کئی لوگوں نے کہا کہ فوجی افسران کا تفریحی پروگرام میں وردی کے ساتھ حصہ لینا غیر مناسب ہے اور اس سے فوج کی غیرجانبداری متاثر ہوتی ہے۔
تجزیہ کار اشوک سوائن نے اس عمل کو مودی حکومت کی ’خوفزدہ سیاست‘ قرار دیا اور کہا کہ حکومت عوام کی توجہ منتشر کرنے کے لیے فوج کو میڈیا میں لا رہی ہے۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے امیتابھ بچن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا کہ ایک بڑے فنکار کے طور پر انہیں امن کا پیغام دینا چاہیے تھا نہ کہ جنگ کو فروغ دینا۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر مختلف حملوں اور نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔




