سوات/باجوڑ: پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) نے سوات اور باجوڑ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پاک فوج اور ایف سی کی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ فوجی اہلکار پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
آئی جی ایف سی نارتھ کا ہیلی کاپٹر بھی امدادی مشن کا حصہ ہے، جو راشن، پینے کا پانی اور دیگر ضروری اشیاء سیلاب زدہ علاقوں تک پہنچا رہا ہے۔
متاثرہ علاقوں سے عوام کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو اہلکار متاثرین کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فلڈ ریلیف آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام متاثرہ افراد کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا۔




