اسلام آباد: پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان جاری لفظی گولہ باری کے بعد اب سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان سیز فائر قائم کرنے کے لیے رابطے تیز کر دیے گئے ہیں۔
آج اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور محسن نقوی ملاقات کریں گے۔ محسن نقوی صدر آصف زرداری کی جانب سے ایک اہم سیاسی پیغام وزیر اعظم تک پہنچائیں گے۔ صدر زرداری نے محسن نقوی کو سیاسی کشیدگی کم کرنے اور مفاہمت کے لیے کردار ادا کرنے کا ذمہ داری دی ہے۔
اسی اثنا میں وزیر اعظم نے اپنی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے تاکہ پیپلز پارٹی کے تحفظات پر غور کیا جا سکے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے دوران پیپلز پارٹی کے واک آؤٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ ملاقاتیں دونوں اتحادی جماعتوں کے تعلقات کو بہتر بنانے اور اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش ہیں تاکہ ملک کی سیاسی صورتحال میں استحکام آئے۔




