راولپنڈی : راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل مکمل ہو گیا ہے، جہاں جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے ہیں۔ مہمان ٹیم اب بھی پاکستان کے 333 رنز کے جواب میں 148 رنز پیچھے ہے۔
پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 333 رنز اسکور کیے۔ کپتان شان مسعود 87 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سعود شکیل نے 66 اور عبداللہ شفیق نے 57 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اسپنر کیشَو مہاراج نے 7 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو کافی نقصان پہنچایا، جبکہ سائمن ہارمر نے 2 وکٹیں لیں۔
جواب میں جنوبی افریقی بلے باز پاکستانی اسپنرز کے سامنے خاصے دباؤ میں نظر آئے۔ اوپنر ایڈن مارکرم 32 اور رکّلٹن 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹونی ڈے زورزی نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تاہم وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے۔
پاکستانی بولرز کی جانب سے اسپنر آصف آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ دن کے اختتام پر ٹرسٹن اسٹبز 68 اور کائل ویریاین 10 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
راولپنڈی کی وکٹ سپنرز کے لیے خاصی سازگار دکھائی دے رہی ہے، اور میچ کے تیسرے دن فیصلہ کن موڑ آنے کی توقع ہے، جس سے میچ کے نتائج پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔




