ٹیکنالوجی

آسمان پر "پلانیٹ پریڈ” — 20 اگست کو چھ سیارے ایک ساتھ نظر آئیں گے

لاہور : فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ 20 اگست کو آسمان پر ایک نایاب فلکی مظہر "پلانیٹ پریڈ” (Planet Parade) رونما ہوگا، جس میں چھ سیارے ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ ایسے مناظر سال میں ایک یا دو بار ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اس سے قبل رواں سال فروری میں سات سیارے ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق اس روز عطارد، زہرہ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون آسمان پر ایک ہی وقت میں دکھائی دیں گے۔ اگرچہ مریخ بھی رات کے آغاز میں نظر آئے گا، لیکن سورج غروب ہونے کے فوراً بعد افق کے قریب غائب ہو جائے گا، جس کی وجہ سے اسے دیگر سیاروں کے ساتھ دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

عطارد، زہرہ اور مشتری بغیر دوربین کے بھی واضح طور پر نظر آئیں گے۔ زحل، یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت ہوگی۔

سیاروں کی موجودگی آسمان کے مشرقی اور جنوبی افق پر ہوگی، جہاں وہ زیادہ تر جوڑوں کی صورت میں دکھائی دیں گے، جس سے ان کا مشاہدہ نسبتاً آسان ہو جائے گا۔

عطارد طلوعِ آفتاب سے قبل مشرقی افق پر نمودار ہوگا۔زہرہ اور مشتری مشرقی آسمان پر ایک دوسرے کے قریب ہوں گے، جبکہ زحل اور نیپچون جنوبی افق پر ساتھ ساتھ نظر آئیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب سیارے ایک قطار میں نظر آتے ہیں تو یہ نہ صرف ایک دیدنی نظارہ ہوتا ہے، بلکہ یہ نظامِ شمسی کی وسعت اور ہم آہنگی کو سمجھنے کا ایک بہترین موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button