کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں سانحہ کارساز کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کا دن ملک کی تاریخ میں ایک گہرا زخم ہے، جب بینظیر بھٹو کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے دہشتگردی کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھا اور اپنی زندگی کا نذرانہ دے کر پاکستان کی سیاست میں ایک نیا باب رقم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی ان کے اصولوں اور جدوجہد پر کاربند ہے۔
انہوں نے سانحہ کارساز کو وفاق کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بہت سے پہلو آج بھی غیر واضح ہیں۔ بلاول نے کہا کہ ملک میں شفافیت کی کمی ایسے واقعات کی روک تھام میں رکاوٹ ہے۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ آج پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں مختلف سیاسی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور وزیراعظم سے ملاقات کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔
قبل ازیں، صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی شہید بینظیر بھٹو اور جمہوریت کے تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بینظیر نے مشکلات کے باوجود وطن واپسی کا حوصلہ دکھایا اور سانحہ کارساز کے بعد بھی اپنے مشن پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
صدر نے بینظیر بھٹو کی زخمیوں سے عیادت اور لواحقین سے ہمدردی کو ان کی انسان دوستی اور قائدانہ عزم کی مثال قرار دیا۔




