اسلام آباد/کابل : افغان طالبان کی مسلسل بلا اشتعال جارحیت اور سرحدی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے "منہ توڑ” جواب دیتے ہوئے بگرام ایئربیس سمیت افغانستان کے مختلف فوجی اہداف پر بڑے پیمانے پر فضائی اور زمینی کارروائیاں کی ہیں۔ اس مشن کو "آپریشن غضبِ حق” کا نام دیا گیا ہے، جس میں پاکستان کو بڑی تزویراتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی اس بڑی کامیابی کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستانی فضائیہ کے درست نشانہ بنانے والے حملوں میں بگرام ایئربیس کا ایک ایئرکرافٹ ہینگر اور دو بڑے ویئر ہاؤسز مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ ان تنصیبات کو افغان طالبان اپنی فوجی نقل و حمل اور اسلحے کے ذخیرے کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان کے اندر طالبان کے فوجی ٹھکانوں اور دفاعی تنصیبات پر 50 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔ یہ حملے سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی چوکیوں پر حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔
پاکستان نے صرف فضائی حملوں پر اکتفا نہیں کیا بلکہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے جواب میں زمینی کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں۔ پاک فوج کے آرٹلری اور ڈرون یونٹس نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور ٹریننگ سینٹرز کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ہے۔




