لاہور :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ حالیہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے لیے خوشی اور تشویش کی ملی جلی لہر دیکھنے میں آئی ہے۔ جہاں بیٹرز کی فہرست میں صاحبزادہ فرحان نے عالمی دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وہاں بولنگ اور آل راؤنڈر کے شعبوں میں پاکستان کو اپنی برتری کھونی پڑی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے اپنی بہترین فارم کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے رینکنگ میں دو درجے ترقی پا لی ہے اور اب وہ دنیا کے تیسرے بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹر بن گئے ہیں۔ بھارت کے ابھیشک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، تاہم فرحان کی ٹاپ 3 میں شمولیت پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا نے ایک بار پھر اپنی بادشاہت قائم کر لی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے صائم ایوب سے پہلی پوزیشن چھین لی، جس کے بعد صائم ایوب اب دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کاربن بوش نے سب کو حیران کر دیا، وہ 21 درجے کی طویل چھلانگ لگا کر براہِ راست تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد اپنی کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کے باعث دو درجے تنزلی کا شکار ہو کر پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔




