پاکستان
Trending

ایران امریکہ تنازع میں ثالثی اور سرحد پار دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس:رضوان سعید شیخ نے پاکستان کا ‘روڈ میپ’ پیش کر دیا

 

واشنگٹن: امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ دونوں ممالک نے پاکستان کی اس ثالثی کی پیشکش کو سراہتے ہوئے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ایک خصوصی انٹرویو کے دوران رضوان سعید شیخ نے واضح کیا کہ پاکستان کی یہ کوششیں ذاتی یا وقتی نہیں بلکہ وسیع تر علاقائی مفاد کے لیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سفارتی عمل میں پاکستان نے دیگر علاقائی ممالک کو بھی ساتھ ملایا ہے تاکہ ایک مضبوط امن بلاک تشکیل دیا جا سکے۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ معاملہ سیاسی اور اقتصادی طور پر پیچیدہ ہے، لیکن پاکستان اپنی نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہرممکن سہولت کاری فراہم کر رہا ہے۔سفیرِ پاکستان نے سرحد پار دہشت گردی کے حوالے سے افغان حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا پاکستان اپنے شہریوں کا خون بہتے نہیں دیکھ سکتا۔ جب افغان حکام نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں لیت و لعل سے کام لیا، تو پاکستان کو مجبوراً اپنی حفاظت کے لیے خود سخت اقدامات کرنے پڑے۔
رضوان سعید شیخ نے بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی تخریب کاری کے پیچھے بھارتی سرپرستی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی پشت پناہی خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ رضوان سعید شیخ کے اس انٹرویو نے واشنگٹن کے سیاسی حلقوں میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ اور اپنی سلامتی کے حوالے سے غیر لچکدار پالیسی کو واضح کر دیا ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button