لاہور: جی سی یونیورسٹی لاہور کے طالب علم فیضان احمد نے 21 روزہ دوڑ کے ذریعے سکردو تک 1100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔
فیضان احمد نے اپنی اس مہم کو پاک فوج کے شہداء کے نام کیا۔ نوجوان ایتھلیٹ کے مطابق دوڑ کا مقصد نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنا اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
سکردو پہنچنے پر فیضان احمد کا مقامی افراد نے بھرپور استقبال کیا۔ شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان ایتھلیٹ کو کندھوں پر اٹھا لیا۔ ڈپٹی کمشنر سکردو، جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ڈائریکٹر سپورٹس نے بھی فیضان احمد کا استقبال کیا۔
فیضان احمد کا کہنا تھا کہ ناران سے بابوسر ٹاپ تک چڑھائی اور لاہور سے جہلم تک شدید گرمی سفر کے دوران سب سے بڑے چیلنجز تھے۔ انہوں نے آئندہ سال لاہور سے کراچی تک دوڑ مکمل کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔




