انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایران پر حملوں کی نئی لہر کے خدشے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی خطے میں مزید فوجی کشیدگی نہیں چاہتا اور تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اردوان نے آذربائیجان کے دورے سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ ٹیلی فونک رابطے میں بھی ایران پر حملوں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ ترکی مسلسل اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ممکن ہے، تاہم بدقسمتی سے خطے کی صورتحال ایک بار پھر منفی سمت میں بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
اردوان نے مزید کہا کہ ترکی کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں مزید بگاڑ کو روکنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔




