بین الاقوامی
Trending

امریکی وزیر دفاع کے خلاف مواخذے کی قرارداد پیش، ٹرمپ کی اپنی جماعت بھی سوالات کی زد میں

 

واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کانگریس میں پیش کردی گئی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کے رکن تھامس میسی نے قرارداد پیش کی ہے، جس پر کل ووٹنگ متوقع ہے۔

تھامس میسی نے پیٹ ہیگستھ پر ایران جنگ کے دوران اختیارات کے مبینہ غلط استعمال، فوجی معاملات میں ناکامی اور اہم فیصلوں میں اختیارات سے تجاوز کے الزامات عائد کیے ہیں۔

قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور جنگ سے متعلق معاملات میں مطلوبہ ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق مواخذے کی قرارداد پر کل کانگریس میں ووٹنگ ہوگی، جس کے نتائج امریکی وزیر دفاع کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ قرارداد پیش کرنے والے تھامس میسی کا تعلق بھی ریپبلکن پارٹی سے ہے، جس کی قیادت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کر رہے ہیں۔ اپنی ہی جماعت کے رکن کی جانب سے وزیر دفاع کے مواخذے کی تحریک پیش کیے جانے سے امریکی سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

اگر ایوان نمائندگان میں مواخذے کی کارروائی آگے بڑھتی ہے تو حتمی فیصلے کے لیے معاملہ امریکی سینیٹ میں جائے گا، جہاں وزیر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button