چین کے دارالحکومت بیجنگ کو تیانجن پورٹ سے ملانے والی شاہراہ پر ایک عجب منظر ہے: بڑے ٹرک جو خودبخود منزلِ مقصود تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حکومتی احکامات کے تحت اِن ’ڈرائیور لیس‘ ٹرکوں میں سیفٹی ڈرائیور موجود رہتا ہے مگر انھیں اِن کی ضرورت ہرگز نہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بہت جلد اِن ٹرکوں میں سیفٹی ڈرائیور کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔
سیفٹی ڈرائیور ہیو کنتیان سٹیئرنگ وہیل سے ہاتھ ہٹاتے ہیں تو ٹرک خود چلتا ہے۔ یہ متاثر کن اور پریشان کر دینے والا تجربہ ہوتا ہے۔
ابتدائی مراحل پر وہ خود ٹرک چلاتے ہیں۔ پھر ایک موقع پر کچھ بٹن دباتے ہیں تاکہ ٹرک خود ہی چلنے لگے۔ یہ اس شاہراہ پر اچھی خاصی رفتار سے چل رہا ہوتا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’جب میں نے پہلی بار ڈرائیور لیس ٹرک چلایا تو مجھے ڈر لگا تھا لیکن اِن ٹرکوں کو کافی دیر تک سمجھنے اور آزمائش کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ یہ کتنے محفوظ ہیں۔‘




