کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا کردیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے وفاق اور دیگر صوبوں سے پہلے نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ متعارف کراکر ایک اہم اقدام کیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یوتھ کارڈ بینک کارڈ کی طرز پر ہوگا، جس کے ذریعے نوجوانوں کو بینک اکاؤنٹ ہولڈرز جیسی سہولتیں ملیں گی اور مختلف خدمات کم قیمت پر حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر تعمیر کرانے کا منصوبہ مکمل کیا، جس سے نہ صرف لوگوں کو رہائش ملی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے اور متعدد خاندانوں کو معاشی مشکلات سے نکلنے میں مدد ملی۔
ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ موجودہ معاشی حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاست دانوں کو نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوام کی مشکلات کا احساس کرنا چاہیے۔ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاق رائے ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت، عدلیہ اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے جمہوری ری سیٹ ضروری ہے اور ایسا نظام تشکیل دینا ہوگا جس پر عوام اور اپوزیشن دونوں اعتماد کرسکیں۔



