دبئی: جیٹور نے پک اَپ گاڑیوں کی مارکیٹ میں قدم رکھتے ہوئے اپنی پہلی پریمیم ہائبرڈ پک اَپ F700 کی خصوصی فرسٹ ڈرائیو تقریب منعقد کردی۔ متحدہ عرب امارات کے صحرائی مقام باب الشمس میں ہونے والی تقریب میں میڈیا نمائندوں اور آٹو موٹیو ماہرین کو گاڑی کی کارکردگی اور جدید خصوصیات کا جائزہ لینے کا موقع دیا گیا۔
خصوصی تقریب کے دوران گاڑی کی آف روڈ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی، طاقتور ہائبرڈ انجن اور پریمیم ڈیزائن کو نمایاں کیا گیا۔ شرکا نے ٹیسٹ ڈرائیو کے ذریعے گاڑی کی عملی کارکردگی کا تجربہ بھی کیا۔
کمپنی کے مطابق F700 میں 2.0 لیٹر ٹربو چارجڈ پلگ اِن ہائبرڈ پاور ٹرین نصب ہے، جو مجموعی طور پر 904 ہارس پاور طاقت اور 1,135 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتی ہے۔ گاڑی ایک ہزار کلومیٹر تک مجموعی ڈرائیونگ رینج کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس پک اَپ میں انٹیلی جنٹ الیکٹرک فور وہیل ڈرائیو، آٹھ ٹیرین موڈز، 900 ملی میٹر تک پانی میں گزرنے کی صلاحیت اور 3.5 ٹن وزن کھینچنے کی استعداد شامل ہے۔ اندرونی حصے میں مساج اور وینٹی لیٹڈ سیٹس، جدید ڈیجیٹل ڈسپلے، اسمارٹ کنیکٹیویٹی، انٹیگریٹڈ ریفریجریٹر اور پینورامک سن روف جیسی سہولیات دی گئی ہیں۔
جیٹور یو اے ای نے گاڑی کی پری بکنگ شروع کردی ہے، جس کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ 69 ہزار درہم مقرر کی گئی ہے، جبکہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس الگ سے لاگو ہوگا۔




