مری : ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مری کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور وہاں طلبہ سے ایک معلوماتی اور حوصلہ افزا نشست کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر آرمی پبلک سکول، کونونٹ جیسس اینڈ میری، اور پریزنٹیشن کونونٹ کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
نشست کے دوران طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال و جواب کا سلسلہ کیا، جس میں انہوں نے دفاع، قومی سلامتی، اور حب الوطنی جیسے موضوعات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نوجوانوں کی بصیرت، دلچسپی اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کا مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، اور ان کی سوچ قوم کے لیے اُمید کی کرن ہے۔
اس موقع پر طلبہ نے پاک فوج سے غیر متزلزل وابستگی اور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:”پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔ ہم ہر دشمن کی میلی آنکھ کے خلاف اپنی افواج کے ساتھ متحد ہیں۔”
طلبہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسی معلوماتی نشستیں نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور دفاع وطن کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک فوج اور تعلیمی اداروں کے مابین رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔




