دبئی: ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہٹ دھرمی پر قائم رہتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔ محسن نقوی نے بھی اپنی پوزیشن پر سختی دکھائی، جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے کسی اور آفیشل سے بھی ٹرافی وصول نہیں کی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹرافی کی تقریب میں بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کے باعث تاخیر ہوئی۔ تقریب کے دوران محسن نقوی، امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اسٹیج پر موجود تھے، لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے میڈلز وصول کیے، جبکہ بھارتی کھلاڑی اسٹیج پر آنے سے انکار کرتے رہے۔
انفرادی طور پر بھارتی کرکٹر تلک ورما اور شیوام دوبے نے اپنے ایوارڈز وصول کیے، جبکہ محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں کو رنر اپ ایوارڈز دیے۔
بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو ٹرافی نہ لینے کی اطلاع دی، جس کے بعد ٹرافی واپس منگوا لی گئی۔ تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے کہا کہ انہیں ای سی سی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔
ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے نہ صرف پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ فائنل سے پہلے بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ مشترکہ تصویر بھی نہیں بنوائی، جسے کرکٹ کی روح اور سپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔




