لاہور: انسٹاگرام نے پاکستان میں اپنا نیا میپ فیچر باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب فوٹو شیئرنگ ایپ کے اندر ہی مقبول ریسٹورینٹس، کیفے، تفریحی مقامات اور دیگر مقامی کاروباری اداروں کو تلاش کر سکیں گے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر چند ممالک میں اگست 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اب اسے پاکستان سمیت دیگر خطوں میں بھی دستیاب کر دیا گیا ہے۔
انسٹاگرام کے مطابق، یہ میپ فیچر صارفین کو اپنے دوستوں کے ساتھ منسلک رہنے، مقامات دریافت کرنے اور مقامی کاروباروں کو سپورٹ کرنے کا ایک نیا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔
اہم خصوصیات
صارفین قریبی مقامات کو دریافت کر سکیں گے جنہیں پوسٹس یا اسٹوریز میں ٹیگ کیا گیا ہو۔
کسی بھی مقام کو محفوظ کیا جا سکتا ہے یا دوستوں کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے تاکہ مستقبل میں وہاں جانا آسان ہو۔
صارفین اس بات کا تعین کر سکتے ہیں کہ کون ان کی لوکیشن دیکھ سکتا ہے۔
انسٹاگرام نے پرائیویسی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اگر لوکیشن شیئرنگ فعال ہو تو ایپ ہر بار کھولنے پر صارف کی لوکیشن اپ ڈیٹ کرے گی، اور اگر 24 گھنٹے تک ایپ استعمال نہ کی جائے تو لوکیشن خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جائے گی۔
لوکیشن شیئرنگ کی حیثیت کو ظاہر کرنے کے لیے ایپ میں مختلف انڈیکیٹرز بھی شامل کیے گئے ہیں:
بلیو ایرو: لوکیشن شیئرنگ فعال ہے۔
سرخ ڈاٹ: لوکیشن شیئرنگ بند ہے۔
اورنج ٹرائی اینگل: لوکیشن پرمیشن کی ضرورت ہے۔
اس فیچر میں ایک نیا پریویو آپشن بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی پوسٹ، اسٹوری یا رِیل کو پبلش کرنے سے قبل انسٹاگرام میپ پر اس کے ظہور کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
یہ فیچر نہ صرف عام صارفین کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ مقامی کاروباری اداروں کو بھی اپنی موجودگی بڑھانے اور صارفین تک پہنچنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مزید معلومات یا فیچر استعمال کرنے کے طریقہ کار کے لیے انسٹاگرام کی آفیشل ویب سائٹ یا ایپ کی مدد لی جا سکتی ہے۔




