بین الاقوامی
Trending

بھارت نے کابل میں سفارت خانہ بحال کر دیا، افغانستان سے تعلقات کی نئی شروعات

 

کابل/نئی دہلی:بھارت نے افغانستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال کرتے ہوئے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اہم اعلان کے ساتھ ہی بھارت نے افغان حکومت کے ساتھ تعاون کے نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ اعلان بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے افغان ہم منصب امیر خان متقی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کابل میں موجود بھارتی تکنیکی مشن کو اب مکمل سفارت خانے کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

جے شنکر نے کہا کہ بھارت افغانستان میں صحت اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ بھارت کی جانب سے20 ایمبولینسز کا تحفہ ،جدید طبی آلات اور ویکسین کی فراہمی ،کینسر کی ادویات بھیجی جائیں گی۔ساتھ ہی بھارت نے افغانستان میں چھ نئے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کا بھی اعلان کیا ہے۔

پریس کانفرنس میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بھارت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ افغانستان کی سرزمین بھارت کے خلاف کسی قسم کی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

متقی نے کہا”ہم بھارت کے ساتھ مستحکم تعلقات چاہتے ہیں اور ان کے سفارتی عملے کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔”
یاد رہے کہ 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے اور امریکی فوج کے انخلا کے بعد بھارت نے کابل میں اپنا سفارت خانہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کر دیا تھا۔ اس کے بعد تقریباً 10 ماہ تک دونوں ممالک کے درمیان کوئی باضابطہ سفارتی رابطہ موجود نہیں رہا۔

بعد ازاں، بھارت نے طالبان کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد ایک ٹیکنیکل ٹیم تعینات کی تھی، جسے اب مکمل سفارت خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اگرچہ بھارت نے سفارت خانہ بحال کر لیا ہے، لیکن اس نے اب تک طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔ روس واحد بڑا ملک ہے جس نے طالبان کو سرکاری طور پر تسلیم کیا ہے، جبکہ بیشتر ممالک تاحال احتیاط برت رہے ہیں۔

بھارت کے اس اقدام کو افغانستان کے ساتھ اعتماد کی بحالی اور علاقائی سطح پر نئے سفارتی امکانات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید پیش رفت کی توقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button