کاروبار
Trending

نوجوانوں کے لیے سٹاک مارکیٹ میں انٹری اب مزید آسان: ایس ای سی پی نے ‘سہولت اکاؤنٹ’ کی سرمایہ کاری حد 30 لاکھ کر دی

 

کراچی : سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے ملک کے کیپٹل مارکیٹ میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے ‘سہولت اکاؤنٹ’ کی حد میں 200 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ اب ہر پاکستانی صرف اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے 30 لاکھ روپے تک کی سرمایہ کاری براہِ راست اسٹاک مارکیٹ میں کر سکے گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق، سہولت اکاؤنٹ کو مکمل طور پر جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے ۔ اب بینک اکاؤنٹ کی طرح اسٹاک مارکیٹ اکاؤنٹ بھی صرف شناختی کارڈ پر آن لائن کھلوایا جا سکتا ہے۔سرمایہ کاری کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کر دی گئی ہے تاکہ متوسط طبقہ بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔سرمایہ کاروں کو ایک سے زائد بروکرز کے ساتھ اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، جس سے مسابقت اور بہتر سروسز کو فروغ ملے گا۔
ایس ای سی پی نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر منافع کا جھانسہ دینے والے غیر قانونی اور غیر ملکی انویسٹمنٹ پلیٹ فارمز سے بچیں۔ محفوظ اور قانونی سرمایہ کاری کے لیے صرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کا انتخاب کریں تاکہ آپ کا سرمایہ قانونی طور پر محفوظ رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، اب تک پاکستان میں 5 لاکھ 42 ہزار انفرادی سب اکاؤنٹس اور 1 لاکھ 44 ہزار انویسٹر و روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس فعال ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس نئی رعایت کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں عام شہریوں کا اعتماد بڑھے گا اور ملکی معیشت میں دستاویزی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button