کراچی : سینئر اداکارہ سعدیہ امام نے اپنے کیریئر کے ابتدا میں پیش آنے والے ایک جذباتی واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ڈراما سیریل ’الجھن‘ کی شوٹنگ کے دوران مشہور ڈائریکٹر کاظم پاشا نے انہیں سب کے سامنے سخت ڈانٹ دی، جس پر وہ آنسو روک نہ سکیں۔
سعدیہ امام نے ایک پروگرام میں کہا کہ وہ اس وقت کراچی نئی نئی آئی تھیں اور قربان جیلانی کے ساتھ ایک پیچیدہ سین کر رہی تھیں جس میں انہیں اپنے باپ پر غصہ دکھانا تھا، مگر وہ جذباتی طور پر اس سین میں ڈوب نہ سکیں۔
اسی موقع پر کاظم پاشا نے پی ٹی وی کے اسٹوڈیو میں موجود دیگر عملے کے سامنے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نئی لڑکیاں اداکاری نہیں کر سکتیں۔ اس بات پر سعدیہ کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
بعد ازاں کاظم پاشا نے انہیں سمجھایا کہ وہ صرف اچھی اداکاری چاہتے تھے اور ان کے رویے پر معافی بھی مانگی۔سعدیہ نے کہا کہ کبھی کبھی اداکار کے لیے جذبات کو ظاہر کرنا مشکل ہوتا ہے اگر وہ موڈ میں نہ ہو، اور یہ تجربہ ان کے لیے بہت قیمتی رہا۔
کاظم پاشا نے پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے بے شمار یادگار ڈرامے تخلیق کیے جن میں ’جانگلوس‘، ’ریت اور ہوا‘، ’کشش‘ اور ’کفارہ‘ شامل ہیں۔




