تہران: ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ قطر کا اعلیٰ سطحی وفد جمعہ کی صبح تہران پہنچ گیا، جہاں ایرانی حکام کے ساتھ اہم مشاورت کی جائے گی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق قطری وفد کی قیادت وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ایک سینئر مشیر کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال زیر بحث آئے گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق قطر، ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس سلسلے میں واشنگٹن کے ساتھ بھی رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے۔
رپورٹ کے مطابق قطری وفد نے 25 اکتوبر کو بھی تہران کا دورہ کیا تھا اور ایرانی حکام کو مجوزہ امن منصوبہ پیش کیا تھا، تاہم ایک سینئر ایرانی عہدے دار نے ان تجاویز کو ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔
ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی راہ میں جوہری پروگرام، ایرانی بندرگاہوں کے محاصرے اور تیل کی برآمدات پر پابندیوں کے معاملات اہم اختلافات ہیں۔ واشنگٹن جوہری معاملے کو مذاکرات میں شامل کرنے کا خواہاں ہے، جبکہ تہران کا مطالبہ ہے کہ پہلے اس کی بندرگاہوں کا محاصرہ ختم اور تیل کی برآمدات پر پابندیاں اٹھائی جائیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق تہران ثالثوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے اپنے مجوزہ سات روزہ منصوبے پر عمل درآمد کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کے ایران سے رابطوں کو طبی سامان کی فراہمی سے متعلق قرار دیا ہے، جبکہ امریکی میڈیا ان رابطوں کو امن مذاکرات کی بحالی کی کوششوں سے جوڑ رہا ہے۔




