لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت صوبے کے 52 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ مون سون سے قبل واٹر سپلائی اور سیوریج منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارشوں کے آغاز سے پہلے تمام کھلے گڑھے بند کیے جائیں اور ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی انتظامات پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب بیوٹیفکیشن پلان کے تحت مختلف شہروں میں پارکس، پبلک مارکیٹس، گرین بیلٹس اور داخلی راستوں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، جبکہ متعدد شہروں میں یہ منصوبے مکمل بھی کیے جا چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجاب ڈیولپمنٹ پلان اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کا ہدف پنجاب کے تمام شہروں کو جدید شہری سہولیات اور بہتر انفراسٹرکچر سے آراستہ کرنا ہے۔




