امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں بلدیاتی سیاست کے منظرنامے میں ایک تاریخی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں پاکستانی نژاد امریکیوں نے اہم قیادتی عہدے سنبھال کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی سنبل صدیقی میئر جبکہ بورے والا سے تعلق رکھنے والے برہان اعظم ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے۔
5 جنوری کو ہونے والے سٹی کونسل انتخابات کے بعد پہلی بار کیمبرج میں میئر اور ڈپٹی میئر دونوں عہدوں پر پاکستانی نژاد امریکیوں کا انتخاب عمل میں آیا، جسے امریکا میں بسنے والی پاکستانی برادری کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔
سنبل صدیقی کی یہ مسلسل تیسری میئر شپ ہے، جس کے ساتھ انہوں نے شہر کی سیاسی تاریخ میں ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں اور 2017 میں پہلی مرتبہ سٹی کونسل کی رکن منتخب ہوئیں۔ اس سے قبل وہ 2020 سے 2024 تک دو ادوار میں میئر کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
وہ کیمبرج کی پہلی مسلمان میئر اور پہلی ایشیائی نژاد خاتون ہیں جو تیسری بار اس منصب پر فائز ہوئیں۔
دوسری جانب برہان اعظم کو شہر کا کم عمر ترین ڈپٹی میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ وہ معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر منیر چوہدری کے صاحبزادے ہیں اور ایم آئی ٹی (MIT) بوسٹن سے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔
برہان اعظم اس سے قبل بھی کم عمر ترین کونسلر منتخب ہو چکے ہیں اور دوسری بار کونسلر منتخب ہونے کے بعد اب ڈپٹی میئر بنے ہیں۔
اس تاریخی کامیابی پر امریکا اور پاکستان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خوشی، فخر اور مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اسے امریکی سیاست میں پاکستانی نژاد مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی نمائندگی کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔




