پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت سلمان آغا کریں گے۔ اسکواڈ میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، فخر زمان، صائم ایوب، عثمان خان، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، محمد نواز، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔ فہیم اشرف، عثمان طارق، خواجہ نافع اور نسیم شاہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ حارث رؤف اس مرتبہ اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے شروع ہو کر 8 مارچ تک جاری رہے گا اور پاکستان اپنا آغاز نیدرلینڈز کے خلاف کرے گا۔ سلیکشن کمیٹی کے ممبر عاقب جاوید کے مطابق ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اور بابر اعظم ٹیم کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم اچھی تیاری کے ساتھ میگا ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے اور آسٹریلیا کے ساتھ حالیہ سیریز سے مورال بلند ہوا ہے۔ کپتان سلمان آغا نے بھی کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز پر کھیلنے کا تجربہ ہے اور ٹیم اچھے نتائج دینے کے لیے پرعزم ہے۔




