کراچی: سندھ حکومت نے نوجوانوں کو کھیلوں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے دوسری بڑی سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2026 کا افتتاح کردیا۔
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں تعلیم، کھیل، ٹیکنالوجی اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا اہم حصہ ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیت اور ٹیلنٹ موجود ہے۔ ای اسپورٹس چیمپئن شپ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور مسابقتی ماحول میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں سندھ کے مختلف علاقوں سے ایک ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی، جس سے ای اسپورٹس کے شعبے میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔
وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ موجودہ دور میں ای اسپورٹس صرف تفریح تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور روزگار کے نئے راستے بھی کھول رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کرنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔




