لندن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت 31 اگست کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل بھی اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح کے قریب آ گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے معاہدوں کی قیمت 66 سینٹ یعنی 0.7 فیصد کمی کے بعد 88.71 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 60 سینٹ یعنی 0.8 فیصد گر کر 79.57 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
تاہم قیمتوں میں کمی کے باوجود مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈی کو خطرات لاحق ہیں۔ خصوصاً آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ تیل کی عالمی سپلائی کے حوالے سے تشویش کا باعث ہے۔
ادھر امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی حکام تقریباً 50 توانائی بردار ٹینکروں پر ہونے والے سائبر حملوں میں ایران کے ممکنہ کردار کی تحقیقات کر رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی منڈی میں اضافی سپلائی فی الحال قیمتوں میں کمی کا سبب بن رہی ہے۔




