پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف آج  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، عالمی رہنماؤں سے ملاقات طے

نیویارک: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں سالانہ اجلاس میں آج پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ اجلاس کے باضابطہ افتتاحی سیشن میں بھی شریک ہوں گے، جہاں عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم کو امریکہ اور قطر کی جانب سے عرب اور اسلامی ممالک کے ایک خصوصی سربراہی اجلاس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ اس اہم اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کئی عالمی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔

وزیراعظم کا یہ دورہ نہایت مصروف شیڈول پر مشتمل ہے۔ ان کے طے شدہ ملاقاتوں میں آسٹریا کی چانسلر کرسٹینا سٹاکر، کویت کے ولی عہد و وزیراعظم شیخ صباح الخالد، عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا شامل ہیں۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان اور ان ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف "عالمی ترقیاتی اقدام” (Global Development Initiative – GDI) کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، جہاں وہ ترقیاتی اہداف پر پاکستان کا نکتہ نظر اور قومی ترجیحات پیش کریں گے۔

دورہ نیویارک کے دوران وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک کو سنگین معاشی بحران کا سامنا تھا، لیکن اب معیشت بحالی کے سفر پر گامزن ہے اور مہنگائی میں بھی واضح کمی آئی ہے۔

وزیراعظم نے ملک میں جاری سیکیورٹی آپریشن "بُنْیَانٌ مَرْصُوصٌ” کا ذکر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ آپریشن ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے اور اقوام متحدہ میں کشمیر کے حقِ خودارادیت کا مؤقف بھی پوری قوت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button