تربت: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کیا۔
وزیر داخلہ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور وہاں موجود جدید طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین علاج اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔
انہوں نے ایف سی کی جانب سے عوامی فلاح اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔




