لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے، جس میں شان مسعود اور محمد رضوان کو جگہ نہیں مل سکی، جبکہ مجموعی طور پر 38 کھلاڑیوں کو معاہدوں میں شامل کیا گیا ہے۔ نئے کنٹریکٹس 30 جون 2027 تک مؤثر رہیں گے۔
پی سی بی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور مقررہ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں چار مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔
بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کی تقسیم کارکردگی اور طے شدہ معیار کے مطابق کی گئی ہے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے مطابق کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق متعلقہ فارمیٹس میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ثاقب خان کے شاندار ڈیبیو کو بھی سراہا۔




